28th May 2018 DMC Central Karachi Press Release

28th May 2018 DMC Central Karachi Press Release


کراچی ( ) کراچی میں شدید گرمی کے بعد مون سون بارش کے امکان کو مدّ نظر رکھتے ہوئے بارش کے دوران عوام کو بلدیاتی خدمات مہیا کرنے کے ساتھ ساتھ یوم علیؓ کے موقع پر صفائی ستھرائی کے لئے بلدیہ وسطی میں ہنگامی اجلاس طلب کیا گیا۔اجلاس کی صدارت چیئرمین بلدیہ وسطی ریحان ہاشمی نے کی۔ اجلاس میں میونسپل کمشنر آفاق سعید،سپرٹینڈنگ انجینئر اقبال احمد خان ، چیف میڈیکل آفیسر ڈاکٹر مشکور لاری،ڈائریکٹر ایڈمن شمعونہ صدف ،ڈائریکٹر ایجوکیشن بلدیہ وسطی عرفان احمد،ڈائریکٹر سینی ٹیشن ندیم حیدر ، چاروں زون کے ڈپٹی ڈائریکٹرز ،xen اورموٹر وہیکل انسپیکٹرز حضرات بھی شریک تھے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ یوم علیؓ کے موقع پر مساجد و امام بارگاہوں اور یم علیؓ کے موقع پر نکلنے والے جلوس کے راستوں پر صفائی ستھرائی ،رات کے وقت روشنی کے انتظامات اور امن وامان کے حوالے سے انتظامات کو بہتر سے بہتر بنانے کے لئے حکمت عملی تیار کی گئی اجلاس میں کراچی میں گرمی شدت میں کمی آنے تک ہیٹ اسٹروک کیمپس کو برقرار رکھنے کا بھی فیصلہ کیا گیا جبکہ بنانے برساتی نالوں کی صفائی فوری شرو ع کردی جائے تاکہ ممکنہ یا غیر متوقع کسی بھی حالت میں ہونے والی بارش کے سبب گلیوں اور سڑکوں پر پانی کھڑے ہوجانے کے معاملے کو بروقت ختم کیا جاسکے۔ تفصیلات کے مطابق شدید گرمی کے بعد کراچی میں مون سون کا موسم شرو ع ہونے کا امکان ہے۔ قبل از وقت تیاری نہ ہونے کی وجہ سے ممکن ہے کہ بارش رحمت کے بجائے زحمت بن جائے۔اس لئے سرِ دست تمام برساتی نالوں کی صفائی کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔چیئرمین ریحان ہاشمی نے سینی ٹیشن ڈپارٹمنٹ میں ایمرجنسی رائج کرنے کے بعدکہا کہ کسی بھی علاقے میں، کسی بھی قسم کی کوتاہی نہ بخشی جائے۔بارش کی ابتداء ہی سے پانی کی نکاسی کو مانیٹر کیا جائے ۔ جبکہ کسی بھی جگہ پانی کے تالاب نہ بننے پائیں۔اس سلسلے میں افرادی قوت اور دستیاب مشینری کا صحیح منصوبہ بندی کے تحت استعمال کیا جائے تاکہ برساتی نالوں کی صفائی بارشوں سے پہلے ممکن بنائی جاسکے دوسری جانب رمضان المبارک کے دوران صفائی ستھرائی کے انتظامات مناسب رفتار کے ساتھ جاری ہیں جبکہ تجارتی اور رہاشی علاقوں سے کوڑا کرخت ڈمپنگ پوائنٹ پر منتقل کیا جارہا ہے بلدیہ وسطہ کا سینی ٹیشن ڈپارٹمنٹ صفائی کے عمل میں دن رات مشغول ہے ۔ 

28th May 2018 DMC Central Karachi Press Release

27th May 2018 DMC Central Karachi Press Release

27th May 2018 DMC Central Karachi Press Release


کراچی ( )چیئر مین بلدیہ وسطی ریحا ن ہاشمی نے کہا کہ عوامی خدمت کی راہ میں حائل تمام رکاوٹوں کو عبور کرتے ہوئے عوامی خدمات کا مشن جاری رکھیں گے ،عوام کی اُمیدیں ہم سے وابستہ ہیں اور ہم کسی صورت بھی عوام کو ما یوس نہیں ہونے دیں گے ، کم وسائل ہمارے عزم اور خدمت کے جذبے میں رکاوٹ نہیں بن سکتے بلدیہ وسطی اپنے غیر ترقیاتی اخراجات میں کمی کر کے موجودہ محدود وسائل کو استعمال کرتے ہوئے عوام کے مسائل حل کرتی رہے گی۔ وہ یونین کمیٹی نمبر47 پاپوش نگر لال مسجد کے اطراف میں رات کے وقت کی جانے والی روڈ کارپیٹنگ کے کام کے معائنہ کے دوران علاقہ مکینوں سے گفتگو کر رہے تھے ۔واضح رہے کہ جگہ جگہ پانی اور سیوریج کی لائنوں کے رساؤ کی وجہ سے سڑکیں ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہوتی ہیں اور KWSBکی عدم توجہی کی وجہ سے بلدیہ وسطی کو اپنے اخراجات پر سڑکوں کی مرمت کرانی پڑتی ہے۔چیئر مین بلدیہ وسطی نے کہا کہ بلدیاتی مسائل کے حل کے لئے بلدیہ وسطی کی انتظامیہ ہر یونین کمیٹی میں بلا امتیاز خدمات فراہم کر رہی ہے انہوں نے مزید کہا کہ ہم نے اپنی مدد آپ کے تحت ضلع وسطی کے مکینوں کو بلدیاتی سہولیات کی فراہمی کو ممکن بنا رہے ہیں ۔اس موقع پر چیئر مین نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کے سٹرک کی تعمیر میں مقررہ معیار کے مطابق مٹیریل استعمال کیا جائے تاکہ عوام ان سے لمبے عرصے تک استفادہ کر سکیں۔واضع رہے کہ بلدیہ وسطی کی انتظامیہ نے کام کی رفتر کو تیز کرنے کے لئے اپنی مدد آپ کے تحت روڈ کٹر ،ڈرل مشینز ، ہینڈ آپریٹنگ رولرز ،خریدے ہیں جو ہیوی مشینریز کے ساتھ ساتھ کام کر رہے ہیں اور ان کے ذریعے گنجان آباد علاقوں میں عوامی سہولیات کی فراہمی کو ممکن بنایا جارہا ہے ۔



27th May 2018 DMC Central Karachi Press Release

26th May 2018 DMC Central Karachi Press Release

26th May 2018 DMC Central Karachi Press Release


کراچی ( ) رمضان المبارک کا پہلا عشرہ ختم ہوگیا ، رمضان المبار ک کی گیارہ تاریخ سے بازاروں اور تجارتی مراکز رات دیر تک کھلے رہیں گے ۔ بلدیاتی اداروں کو بھی صفائی ستھرائی کے لئے رات دیر تک خدمات انجام دینے ہونگی۔ چیئرمین بلدیہ وسطی ریحان ہاشمی نے سینی ٹیشن ڈپارٹمنٹ کو رات دیر تک خدمات انجام دینے کی ہدایت کردی۔ رمضان المبارک کے دوران تجارتی مراکز اور بازاروں میں صفائی ستھرائی کے مسائل سے نمٹنے کے لئے بلدیاتی اداروں کے ساتھ تاجروں اور دکانداروں کا تعاون بھی بہت ضروری ہے ۔ جبکہ عوام کی جانب سے کوڑا کرکٹ پھیلانے سے اجتناب برتنا بہت ضروری ہے خریداروں کے ہجوم کی وجہ سے گاڑیوں کی پارکنگ ایک مسئلہ بن جاتی ہے اس سلسسلے میں عوام کو چاہییے کہ وہ اپنی گاڑیاں پارکنگ کے لئے مختص کردہ مقامات پر ہی پارک کریں تاکہ ٹریفک کی روانی اور عوام کی آمد ورفت میں خلل نہ پڑے ۔عام طور پر رمضان المبارک کے پہلے عشرے کے دوران بازار اور تجارتی مراکز افطار سے قبل بند ہوجاتے ہیں کیونکہ اکثر تاجران و دکاندار دس روز ہ نمازِ تراویح کے اجتماعات میں شرکت کرتے ہیں یوں پہلے عشرے کے بعدا نہیں دکانیں رات دیر تک کھلی رکھنے کی سہولت میسر آجاتی ہے۔ جبکہ عوام الناس کو بھی رات دیر تک خریداری کے مواقع مل جاتے ہیں ۔لیکن دن رات کی خرید وفروخت بازاروں اور تجارتی مراکز میں کوڑا کرکٹ کے ڈھیر جمع کرتے ہیں۔اگر بلدیاتی ادارے رات گئے تک کام نہ کریں تو رمضان المبارک میں کوڑا کرکٹ ٹھکانے لگانے کا کام مشکل ہوجائے۔ایسی صورتِ حال سے نمٹنے کے لئے بلدیہ وسطی میں سینی ٹیشن ڈپارٹمنٹ کو ہنگامی بنیادوں پر دن رات خدمات انجام دینے کی ہدایات دے دی گئی ہیں تاکہ عید کے روز ضلع وسطی کوڑے کا ڈھیر نظر نہ آئے بلکہ ایک صاف ستھرے شہری ماحول کا منظر پیش کرے۔اِدھر بلدیہ وسطی میں ۱۵؍ رمضان المبارک سے خواتین بچت بازار لگانے کے بھی انتظامات کئے جارہے ہیں۔


25th May 2018 DMC Central Karachi Press Release


25th May 2018 DMC Central Karachi Press Release

25th May 2018 DMC Central Karachi Press Release


کراچی ( ) چیئرمین بلدیہ وسطی ریحان ہاشمی کاگلبرگ زون کے مختلف پارکس و پلے گراؤنڈ کا دورہ ۔ ہیٹ اسٹروک سے بچاؤ اور آلودگی سے پاک ماحول کی فراہمی کے لئے ہمیں زیادہ سے زیادہ درخت لگانے کے ساتھ ساتھ پارکوں کو بھی آباد کررہے ہیں ان خیالات اظہار چیئرمین بلدیہ وسطی ریحان ہاشمی نے گلبرگ زون میں کوہِ نور کرکٹ گراؤنڈ اور لیڈیز پارکس کی تزین و آرائش کے کام کا معائنہ کرتے ہوئے کیا ۔اس موقع پر ان کے ہمراہ ڈائریکٹر پارکس ندیم حنیف ،ڈپٹی ڈائریکٹر سینی ٹیشن محمد علی و دیگر بلدیاتی افسران بھی موجود تھے ۔چیئرمین بلدیہ وسطی ریحان ہاشمی نے کہا کہ درخت خود بھی جاندار ہوتے ہیں اور جانداروں کے لئے بھی بہت ضروری ہے انہوں کہا کہ کراچی میں موسم کی تبدیلی اور گرمی کی شدت کی ایک وجہ درختوں کمی بھی ہوسکتی ہے جس سے بچاؤ کے لئے شجر کاری انتہائی ضروری ہے انہوں کہا کہ ہیٹ اسٹروک جیسے خطرات سے نمٹنے اور انسان دوست ماحول بنانے کے لئے زیادہ سے زیادہ درخت لگائے جائیں ریحان ہاشمی نے کہا کہ فضائی آلودگی ایک عالمگیر مسئلہ بن چکی ہے جسے ختم کرنا انتہائی مشکل نظر آتا ہے لیکن درخت لگا کر ہم آلودگی کو کم کرنے کی کوشش کر سکتے ہیں آلودگی سے پاک ماحول بنانے کے لئے آسان اور بہترین ذریعہ درخت لگانا ہے انہوں نے کہا کہ اگر ہر شخص اپنے حصہ کا صرف ایک درخت لگائے تو اس شہر میں درخت لگانے کی جگہ نہیں رہے گی انہوں نے کہا کہ بلدیہ وسطی اپنے وسائل میں رہتے ہوئے اہلیان ضلع وسطی کو آلودگی سے پاک ماحول کی فراہمی کے لئے پارکوں کی تزئین و آرائش کے کام کو ترجیحی بنیادوں پر انجام دے رہی ہے تاکہ عوا م کو صاف و شفاف اور آلودگی سے پاک ماحول مہیا آسکے اس موقع پر انہوں نے محکمہ باغات کے افسران کو ہدایت کی کہ ضلع وسطی میں قائم تمام پارکس کو عوام کی تفریح کا مرکز بنایا جائے ضلع وسطی کے پارکس کو بہترین طریقے سے سنورا جائے تاکہ لوگ شہر سے دور جانے کے بجائے انہی پارکوں کا رخ کریں ۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو صحت مند ماحول کی فراہمی اولین ترجیحات میں شامل ہے ۔ضلع وسطی میں پارکس اور گرین بیلٹس کی تزئین و آرائش اسی سلسلے کی کڑی ہے انہوں عوام سے اپیل کی کہ وہ اپنے علاقوں کو صاف ستھرا رکھنے میں بلدیہ وسطی کے ساتھ تعاون کریں ۔



25th May 2018 DMC Central Karachi Press Release

24th May 2018 DMC Central Karachi Press Release

24th May 2018 DMC Central Karachi Press Release


کراچی ( ) پاکستان کا وجود اولیاء کرام کا مرہونِ مِنّت ہے ، محافلِ نعت خوانی کا انعقاد روحانی تربیت کے لئے نہایت ضروری ہے۔اِن خیالات کااظہار چیئرمین بلدیہ وسطی ریحان ہاشمی نے ضلع وسطی ، نارتھ کراچی زون کے یوسی ۳؍ میں منعقدہ محفلِ ختمِ قرآن و نعت خوانی میں حاضرین سے خطاب میں کیا۔تقریب کا انعقاد اہلسنت رابطہ کونسل پاکستان کی جانب سے کیا گیا تھا۔ ریحان ہاشمی،سربراہ متحدہ قومی موومنٹ پاکستان ڈاکٹر فاروق ستا ر کی ہدایت پر اُن کی نمائندگی کررہے تھے تقریب میں اہلسنت رابطہ کونسل کے صدر سید مسرور ہاشمی، پروفیسر ڈاکٹر نورالدین جلالی ،فوکل پرسن بلدیہ وسطی نبیل احمد ،یوسی چیئرمین فاضل خانزہ ،علامہ عابد مہروی،حافظ غلام مصطفی،علامہ شارق خان،نعمان عطاری،حافظ فیصل ، اور اراکین کونسل بلدیہ وسطی کی بڑی تعداد میں شرکت جبکہ نظامت ڈاکٹر فہیم دانش نے کی۔ ریحان ہاشمی نے مزید کہا کہ بَرَّ صغیر میں اسلام اولیا ء اللہ کی تعلیمات سے پھیلا جنہوں نے اپنے اعلیٰ کردار سے غیر مسلموں کو اسلام کی جانب راغب کیا۔ پاکستان کی نئی نسل کو دین کی جانب راغب کرنے اور اسلامی کردار اپنانے کے لئے روحانی محفلوں کا انعقاد بے حد ضروری ہے ۔ اہلسنت رابطہ کونسل پاکستان کے صدر مسرور ہاشمی نے روحانی محافل کی انعقاد کے اغراض و مقاصد اور روحانی فوائد پر روشنی ڈالی ۔ انہوں نے چیئرمین بلدیہ وسطی کی آمد اور بلدیاتی خدمات بہ طریقِ احسن مہیاکرنے کے لئے اُن کا شکریہ اداکیا۔ تقریب میں نامور نعت خوانوں نے خوش الحانی کے ساتھ نعت شریف کا نذرانہ بحضور سرورِ کائنات محبوبِ کبریا حضرت محمد مصطفےٰ صلی اللہ علیہ وآلہِ وسلّم پیش کیا۔ مُحِبّانِ رسول صلی اللہ علیہ وسلّم کی بڑی تعداد نے نعت خوانی میں شرکت کی۔ نعت خوانی کی محافل تمام رمضان جاری رہیں گی۔ بلدیہ وسطی کی جانب سے روحانی محافل کی انعقاد میں ہر ممکن تعاون کیا جاتاہے اور بلدیاتی خدمات ترجیحی بنیادوں پر مہیاکی جاتی ہیں کیونکہ روحانی محفلوں کے انعقاد سے دلوں میں روحانیت کا جذبہ پیداہوتاہے۔



24th May 2018 DMC Central Karachi Press Release