22nd Sep 2018 DMC Central Karachi Press Release
کراچی : ( ) ملک کے تمام اضلاع کی طرح بلدیہ وسطی میں بھی عاشورۂ محرم الحرام کے دوران نواسۂ رسول کی عظیم قربانی کی یاد میں نہایت عقیدت و احترام کے ساتھ جلوسِ عزاء نکالے گئے اور مجلسوں کا انعقاد کیاگیا۔ نویں اور دسویں محرم کو خصوصی طور پر علم وذوالجناح اور تعزیوں کے جلوس نکالے گئے جو اپنے اپنے مقررہ راستوں سے ہوتے ہوئے منزلِ مقصود پر پہنچ کر اختتام پذیر ہوئے۔چیئرمین بلدیہ وسطی ریحان ہاشمی نے متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے اراکینِ صوبائی اسمبلی عباس جعفری ، وسیم قریشی اور سابق ایم پی اے جمال احمد، ضلع وسطی کے منتخب بلدیاتی نمائندوں کے ہمراہ جلوسوں میں شرکت کی ۔ اس موقع پر واقعہ کربلا کے حوالے سے نکالے جانے والے جلوسوں میں سنّی اور شیعہ مسلمانوں کے دونوں اہم مکاتب فکر کے درمیان باہمی بھائی چارے اور تعاون کی فضاء دیکھنے کو ملی دونوں مکاتب فکر کی جانب سے نکالے گئے عزاداری کے جلوس میں ہر مسلمان نے بلا تفریق فقہ ایک دوسرے سے تعاون کا مظاہرہ کیا ۔ریحان ہاشمی نے بلدیہ وسطی کی جانب سے عزاداران حسین کیلئے لگائے گئے میڈیکل کیمپ کا دورہ بھی کیا اورطبی امداد کے لئے آئے ہوئے عزاداروں کو خود اپنے ہاتھوں سے دوائی بھی لگائی۔ریحان ہاشمی کی ہدایت پر جلوسوں کے راستوں پر خصوصی صفائی کا انتظام تھا ۔دوسری جانب ضلع وسطی کی تمام یوسیز کے منتخب اراکین کونسل بھی جلوسِ عزا اور مجالسِ محرم کے انعقاد کے لئے تمام تر بلدیاتی سہولیات بہم پہنچانے کے لئے اپنی اپنی بساط بھر مصروفِ عمل رہے ۔بلدیہ وسطی کے شعبۂ صحت کی جانب سے جلوس کے شرکاء کو ابتدائی طبی امداد مہیاکرنے کے لئے میڈیکل کیمپ بھی لگائے گئے تھے جہاں کوایفائڈ ڈاکٹرز کے علاوہ تربیت یافتہ پیرامیڈیکل اسٹاف اور ضرورت کے مطابق دوائیاں بھی مہیاکی گئی تھی۔ طبی کیمپ کی تمام خدمات اور دوائیاں مفت مہیا کی گئی تھیں۔ انہوں نے مختلف امام بارگاہوں کا دورہ بھی کیا اور مجالس و جلوس کے منتظمین سے ملاقات کرکے انکی ضروریات سے آگاہی حاصل کی ۔ مجموعی طو رپر بلدیہ وسطی میں نکالے جانے والے محرم الحرام کے جلوسوں کو بلدیاتی سہولیات انکی دہلیز پر مہیا کی گئیں جس کے لئے منتظمین جلوس نے چیئرمین اور بلدیہ وسطی کی انتظامیہ کا شکریہ اداکیا۔
22nd Sep 2018 DMC Central Karachi Press Release