13th Nov 2018 DMC Central Karachi Press Release

13th Nov 2018 DMC Central Karachi Press Release


کراچی ( ) بلدیہ وسطی میں عوامی نمائندگان دن رات کی پرواہ کئے بغیر عوام کی فلاح و بہبود کے کاموں میں مصروف ہیں، ناظم آباد یوسی ۴۷؍ میں رات کے وقت بھی سڑک کی کارپیٹنگ کا کام جاری رہا ۔ تفصیلات کے مطابق لیاقت آبا د زون کے علاقے چاندنی چوک ، پاپوش نگر نزد عباسی شہید اسپتال، یوسی ۴۷؍میں روڈ کارپیٹنگ رات سے صبح چھ بجے تک جاری رہی۔ مذکورہ سڑک ٹریفک کی آمد ورفت کی مصروف گزرگاہ ہے جبکہ یہاں سے جشنِ عیدِ میلاد النبی ﷺ کے جلوس بھی گزریں گے ۔ سڑک کی مخدوش حالت کے پیشِ نظر اسے فوری طور پر کارپیٹنگ کراکے قابلِ استعمال بنایا گیا ہے تاکہ جشنِ ولادتِ رحمت اللعالمین ﷺ کی خوشی میں نکالے جانے والے جلوس کے شرکاء کو کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ چئیرمین بلدیہ وسطی ریحان ہاشمی ، متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے رکنِ صوبائی اسمبلی عباس جعفری اور چئیرمین یوسی ۴۷؍ جمال ناصر کے ہمراہ مذکورہ سڑک کی کارپیٹنگ کے کام کا جائزہ لینے رات گئے پاپوش نگر پہنچ گئے اور وہاں موجود بلدیاتی افسران وانجینئرز سے سڑک کی کارپیٹنگ میں استعمال ہونے والے مٹیریل کے بارے میں معلومات حاصل کیں جبکہ صفائی ستھرائی کی صورت حال کا جائزہ لینے کے لئے یوسی کے مختلف علاقوں کا دورہ بھی کیا۔ اس موقع پر جمع ہو نے والے علاقہ مکینوں نے سڑک کی کارپیٹنگ کروانے پر عوامی نمائندوں کا شکریہ اداکیا۔ عباس جعفری نے علاقہ مکینوں کو یقین دلایا کہ متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے نمائندے عوام کی خدمت کے لئے ہر وقت مصروف عمل رہتے ہیں اور جس طر ح بھی ممکن ہو عوام کے مسائل حل کرنے کی سعی کرتے ہیں۔تاہم علاقہ مکینوں نے پانی کی قلّت کی شکایت چئیرمین ضلع وسطی ریحان ہاشمی کے گوش گزار کی۔ ریحان ہاشمی نے کہا کہ عوامی نمائندے ہی عوام کی تکالیف کو حل کرنے کے لئے بہتر اقدامات کرسکتے ہیں۔ پانی کی قلّت کے سدِّ باب کے لئے کوئی دقیقہ فروگزاشت نہیں کریں گے۔



13th Nov 2018 DMC Central Karachi Press Release

11th Nov 2018 DMC Central Karachi Press Release

11th Nov 2018 DMC Central Karachi Press Release


کراچی ( ) ضلع وسطی میں استقبالِ جشنِ ولادتِ رسول صلی اللہ و علیہ وآلہِ وسلّم کے سلسلے میں کئے جانے والے انتظامات تکمیل کے مراحل میں ، چئیرمین بلدیہ وسطی ریحان ہاشمی انتظامات کو حتمی شکل دینے کے لئے بلدیہ وسطی کے تمام زونز کے ہنگامی دورے پر۔ تفصیلات کے مطابق بلدیہ وسطی میں ہر سال کی طرح امسال بھی جشنِ ولادتِ رحمت اللعالمین صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم دینی عقیدت و احترام کے ساتھ منایا جائے گا۔ بلدیاتی خدمات کی بھرپور ادائیگی کے لئے کئے گئے انتظامات کی نگرانی کے لئے چیئرمین بلدیہ وسطی ریحان ہاشمی تمام زونز کے دورے کررہے ہیں۔ ربیع الاوّل کاچاند نظرآنے سے قبل مختلف مکاتبِ فِکر کے علما سے ملاقات پر طے کئے جانے والے انتظامات اور شکایات کو دور کرنے کے لئے کئے جانے والے انتظامات کے فالو اپ کے لئے ریحان ہاشمی نہ صر ف اپنے افسران اور کارکنان سے خدمات لے رہے ہیں بلکہ بہ نفسِ نفیس نشاندہی کئے جانے والے علاقوں کا دورہ کررہے ہیں تاکہ جلوس و میلادِ محمد مصطفےٰ ﷺ کی تقریبات کے انعقاد کے مراکز پر صفائی اور جراثیم کُش ادویات کا اسپرے کیا جائے ۔ جبکہ تمام مساجد و امام بارگاہوں کے اطراف اور ان کو جانے والے راستوں پر صفائی، چونے کا چھڑکاؤ اور رات کے وقت روشنی کے انتظامات بھی کئے جارہے ہیں۔واضح رہے کہ ربیع الاوّل کا چاند نظر آتے ہیں مسلمانانِ میلادِ النبیﷺ کی تقریبات کا آغاز کردیتے ہیں ۔سو بلدیہ وسطی کے متعلقہ شعبے کے افسران و کارکنان بھی اپنی اپنی ذمہ داریاں پوری کرنے کے لئے تندہی سے مصروفِ عمل ہوگئے۔واضح رہے کہ علمأ سے ملاقات کے دوران ریحان ہاشمی نے ہر مکتبۂ فکر کے مسائل اور ضروریات سے آگاہی حاصل کی اور جشنِ ولادتِ محمد مصطفےٰ ﷺ کی تقریبات اور جلوسوں کے انتظامات میں بھرپور تعاون کا یقین دلایا اور اب اسکی تکمیل کے لئے پوری تندہی سے کوشاں ہیں۔ 



11th Nov 2018 DMC Central Karachi Press Release

10th Nov 2018 DMC Central Karachi Press Release

10th Nov 2018 DMC Central Karachi Press Release


کراچی ( ) چیئرمین بلدیہ وسطی ریحان ہاشمی کا ضلع وسطی کا ہنگامی دورہ ۔ مختلف مساجد و امام بارگاہوں، محافل میلاد النبیؐ اور جلوس کے منتظمین سے ملاقات۔جشن عید میلاد النبی ﷺ کے حوالے سے نکالے جانے والے جلوس اور محفل میلاد النبی ؐکے انعقاد کی جگہوں پر دی جانے والی بلدیاتی سہولیات کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر اہلسنت رابطہ کونسل کے صدر کراچی مسرور ہاشمی ،چیئرمین یونین کمیٹی نمبر ۳ فاضل خانزادہ ،ڈائریکٹر سینی ٹیشن،ایکسین بلڈنگ و روڈ نیو کراچی بھی انکے ہمراہ تھے ۔چیئرمین بلدیہ وسطی ریحان ہاشمی نے کہا کہ جشن عید میلاد النبی کے موقع پر محفل میلاد النبیؐ کے انعقاد اور جلوس کے راستوں کو ہموار کرنے کے ساتھ ساتھ واٹر و سیوریج کی لائنوں کی لیکج کو بھی بند کرنے کے اقدامات کئے جارہے ہیں جبکہ روشنی کے بہتر سے بہتر انتظامات کے لئے جلوس اور محفل میلاد کے انعقاد کی جگہوں پر اضافی لائٹس لگائی جارہی ہیں اس موقع پر ریحان ہاشمی نے انہوں نے افسران کو ہدایت کی کہ اس بابرکت مہینے میں عاشقان رسولؐ کو بلدیاتی سہولیات کی فراہمی میں کسی بھی قسم کی کوتاہی اور سستی برداشت نہیں کی جائیگی ۔انہوں نے کہا کہ بلدیہ وسطی ہر مذہبی ایام کو عقیدت و احترام سے مناتی ہے ۔انہوں نے ضلع وسطی میں جشن عید میلاد النبی ؐکے موقع پر مختلف جگہوں پر روڈ کارپیٹنگ ،گڑھوں کی بھرائی کے کام کا معائنہ کیا اور کام کو جلد از جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی تاکہ جشن عید میلاد النبی ؐ کے جلوس کے شرکاء کو کسی بھی قسم کی پرشانی کا سامنا نہ ہو۔ واضح رہے کہ ضلع وسطی نیو کراچی ، گلبرگ، حسین آباد،نارتھ ناظم آباد ، لیاقت آباد، گلبہار سمیت دیگر جگہوں سے عید میلاد النبیؐ کے موقع پر مرکزی جلوس برآمد ہوتے ہیں چیئرمین بلدیہ وسطی ریحان ہاشمی نے عاشقان رسول ؐ کو بہترین بلدیاتی سہولتوں کی بہم پہچانے کے لئے جلوس کی گزرگاہوں اور محفلِ کی انعقاد کی جگہوں پر ضرورت کے مطابق روڈ کارپیٹنگ کرنے کے احکامات جاری کئے تھے جس کی تکمیل کے لئے ضلع وسطی میں تیزی سے ترقیاتی کام جاری ہے ۔ 



10th Nov 2018 DMC Central Karachi Press Release

9th Nov 2018 DMC Central Karachi Press Release

9th Nov 2018 DMC Central Karachi Press Release


کراچی ( ) بلدیہ وسطی کی جانب سے ضلع وسطی کو سرسبز ، شفّاف اور خوبصورت بنانے کی غیر اعلانیہ مہم جاری ہے، ایم کیو ایم پاکستان کے ڈپٹی کنوینئر اور رکنِ صوبائی اسمبلی سندھ، کنور نوید جمیل نے فیڈرل بی ایریا بلاک 16میں دل کے اسپتال کے قریب چورنگی پر نو تعمیر شدہ فاؤنٹین کا افتتاح کیا۔ جب کہ یونین کمیٹی نمبر28؍ گلبرگ زون میں واقع شاداب گراؤنڈ کی تزئین و آرائش کے لئے سنگِ بنیاد رکھا۔اس موقع پر انہوں نے حاضرین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایم کیو ایم پاکستان ایک عوامی جماعت ہے اور عوام کے بہتری اور بہبود کے لئے ہر ممکن اقدام کررہی ہے ۔ کیونکہ عوامی نمائندے ہی عوام کی تکلیف کو بہتر طور پر سمجھتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ کراچی کی خوبصورتی کو بحال کرنے اور اس کے شب و روز کو روشن بنانے کے لئے ایم کیوایم پاکستان مسلسل کوشاں ہے۔سنگِ بنیاد رکھے جانے کی تقریب میں رکن رابطہ کمیٹی ایم کیو ایم پاکستان عبدالقادر خانزادہ ،رکن صوبائی اسمبلی عباس جعفری ، چیئرمین بلدیہ وسطی ریحان ہاشمی، چئیرمین یوسی 28؍حسن نقوی و وائس چیئرمین جمشیدعلی قائمخانی،مختلف یوسیز کے چیئرمین و وائس چیئرمینوں کے علاوہ عوام کے بڑی تعداد نے بھی شرکت کی۔ تفصیلات کے مطابق بلدیہ وسطی کی جانب سے ضلع وسطی کو خوبصورت اورصاف و شفّاف بنانے کے لئے بلدیہ وسطی کی چیئرمین ریحان ہاشمی کی جانب سے مختلف اقدامات اُٹھائے جارہے ہیں جن میں رہائشی علاقوں کو صاف ستھرارکھنا، کھیل کی میدانوں اور پارکوں کی تزئین و آرائش کے ساتھ ساتھ تعمیرِ نو کے اقدامات بھی شامل ہیں۔ گلبرگ زون بلاک 16؍ میں واقع دل کے اسپتال کے قریب نوتعمیر شدہ فوارے اور گلبرگ زون میں ہی یوسی 28؍ میں واقع شاداب کرکٹ گراؤنڈ کی تزئین و آرائش کے لئے شروع کئے جانے والے کام کے سلسلے میں ایم کیو ایم پاکستان کے ڈپٹی کنوینئر کنور نوید جمیل نے افتتاح کیااور سنگِ بنیاد رکھا۔شاداب گراؤنڈ کی تزئین و آرائش کے سنگ بنیاد کے موقع پر عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور بلدیہ وسطی کی جانب سے کی جانے والی کوششوں کو سراہا۔ امید کی جاتی ہے کہ ریحان ہاشمی اور انکی ٹیم کے پر خلوص اور مسلسل اقدامات ضلع وسطی کی خوبصورتی میں چار چاند لگادیں گے۔



9th Nov 2018 DMC Central Karachi Press Release

8th Nov 2018 DMC Central Karachi Press Release

8th Nov 2018 DMC Central Karachi Press Release


کراچی ( ) نیوکراچی کے مختلف سیکٹرز میں پانی کی قلّت کے خلاف عوام نے احتجاجی دھرنا دیا، واٹر بورڈ کا عملہ عوامی احتجاج سے خوف زدہ ہوکر فرار ہوگیا۔ تفصیلات کے مطابق نیوکراچی ٹاؤن آفس کی چاردیواری میں واقع واٹر بورڈ کے دفتر پر نیوکراچی کے مختلف سیکٹرز سے تعلق رکھنے والے باشندگان نے احتجاجی دھرنا دیا،مظاہرین کا کہنا تھا کہ ان کے علاقے میں کئی روز سے پانی کی قلت ہے لیکن واٹر بورڈ کے حکام شکایات درج کرانے کے باوجود عوام کی شکایات کے ازالے کے لئے کوئی مثبت قدم نہیں اُٹھارہے ہیں۔ درایں اثناء چیئرمین بلدیہ وسطی بھی عوام کے ساتھ احتجاج میں علامتی دھرنا دینے والوں کے ساتھ شانہ بشانہ شریک ہوئے ۔انہوں نے اس موقع پر واٹر بورڈ پر زور دیا کہ وہ کسی بھی صورت میں عوام کی پریشانیوں کو دُور کرنے کے لئے ایمرجنسی اقدامات کریں اور عوام کا دل جیت لیں۔دوسری جانب عوام کی جانب سے چئیرمین بلدیہ وسطی ریحان ہاشمی کو انکی خدمات پر خراجِ تحسین پیش کیا گیا جبکہ عوام کے ساتھ شانہ بشانہ رہنے پر ان کا شکریہ اداکیا گیا۔اور واٹر بورڈ حکام کی ظالمانہ خاموشی پر انکے خلاف نعرے لگائے گئے۔واضح رہے کہ چیئرمین بلدیہ وسطی ریحان ہاشمی مسلسل اور مستقل طور پر واٹر بورڈ حکام سے رابطہ کرتے رہیں ہیں تاکہ انہیں ضلع وسطی کے مختلف علاقوں میں پانی کی قلت سے آگاہ کرنے کے ساتھ پانی کی فراہمی یقینی بنانے کے لئے اقدامات کرنے پر مجبور کیا جاسکے۔بعدازاں مظاہرین پُر امن طور پر منتشر ہوگئے۔ 



8th Nov 2018 DMC Central Karachi Press Release