13th Nov 2018 DMC Central Karachi Press Release

13th Nov 2018 DMC Central Karachi Press Release


کراچی ( ) بلدیہ وسطی میں عوامی نمائندگان دن رات کی پرواہ کئے بغیر عوام کی فلاح و بہبود کے کاموں میں مصروف ہیں، ناظم آباد یوسی ۴۷؍ میں رات کے وقت بھی سڑک کی کارپیٹنگ کا کام جاری رہا ۔ تفصیلات کے مطابق لیاقت آبا د زون کے علاقے چاندنی چوک ، پاپوش نگر نزد عباسی شہید اسپتال، یوسی ۴۷؍میں روڈ کارپیٹنگ رات سے صبح چھ بجے تک جاری رہی۔ مذکورہ سڑک ٹریفک کی آمد ورفت کی مصروف گزرگاہ ہے جبکہ یہاں سے جشنِ عیدِ میلاد النبی ﷺ کے جلوس بھی گزریں گے ۔ سڑک کی مخدوش حالت کے پیشِ نظر اسے فوری طور پر کارپیٹنگ کراکے قابلِ استعمال بنایا گیا ہے تاکہ جشنِ ولادتِ رحمت اللعالمین ﷺ کی خوشی میں نکالے جانے والے جلوس کے شرکاء کو کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ چئیرمین بلدیہ وسطی ریحان ہاشمی ، متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے رکنِ صوبائی اسمبلی عباس جعفری اور چئیرمین یوسی ۴۷؍ جمال ناصر کے ہمراہ مذکورہ سڑک کی کارپیٹنگ کے کام کا جائزہ لینے رات گئے پاپوش نگر پہنچ گئے اور وہاں موجود بلدیاتی افسران وانجینئرز سے سڑک کی کارپیٹنگ میں استعمال ہونے والے مٹیریل کے بارے میں معلومات حاصل کیں جبکہ صفائی ستھرائی کی صورت حال کا جائزہ لینے کے لئے یوسی کے مختلف علاقوں کا دورہ بھی کیا۔ اس موقع پر جمع ہو نے والے علاقہ مکینوں نے سڑک کی کارپیٹنگ کروانے پر عوامی نمائندوں کا شکریہ اداکیا۔ عباس جعفری نے علاقہ مکینوں کو یقین دلایا کہ متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے نمائندے عوام کی خدمت کے لئے ہر وقت مصروف عمل رہتے ہیں اور جس طر ح بھی ممکن ہو عوام کے مسائل حل کرنے کی سعی کرتے ہیں۔تاہم علاقہ مکینوں نے پانی کی قلّت کی شکایت چئیرمین ضلع وسطی ریحان ہاشمی کے گوش گزار کی۔ ریحان ہاشمی نے کہا کہ عوامی نمائندے ہی عوام کی تکالیف کو حل کرنے کے لئے بہتر اقدامات کرسکتے ہیں۔ پانی کی قلّت کے سدِّ باب کے لئے کوئی دقیقہ فروگزاشت نہیں کریں گے۔



13th Nov 2018 DMC Central Karachi Press Release