17th Dec 2016 DMC Central Karachi News & Picture First Aid Rescue Team Award by Dr. Farooq Sattar


بلدیہ وسطی میں تربیت یافتہ کارکنوں کو اسناد کی تقسیم ، ڈاکٹر فاروق ستار مہمانِ خصوصی 



ہنگامی حالات میں عوام کی مدد کے لئے کارکنوں کی تربیت قابلِ تحسین اقدام ہے : فاروق ستّار 




انسانوں کو بچانے کا عمل بہترین عمل ہے میں بھی اسکا حصہ بننا چاہتا ہوں ۔انصار برنی 




بلدیہ وسطی میں ہنگامی حالات سے نمٹنے کے لئے الگ شعبہ کا قیام وقت کی اہم ضرورت تھی: ریحان ہاشمی 




مورخہ : ۱۷؍دسمبر ۲۰۱۶ء ؁ 




کراچی ( ) متحدہ قومی موومنٹ (پاکستان ) کے سربراہ و ممبر قومی اسمبلی ڈاکٹر فاروق ستّار نے کہا ہے کہ بلدیہ وسطی کی جانب سے ہنگامی حالات میں عوام کی مدد کے لئے کارکنوں کی تربیت ایک قابلِ تحسین عمل ہے ۔ انہوں نے کہاکہ اگر ہمارے ادارے اپنی اپنی بساط کے مطابق ہنگامی حالات سے نمٹنے کے انتظامات اور کارکنان تیار کریں تو کسی بھی حادثہ کی صورت میں خراب صورتِ حال پیدا نہ ہو۔ وہ ضلع وسطی کی جانب سے ہنگامی طبی امداد / ریسکیوکی تربیت حاصل کرنے والے ملازمین کی تقریب تقسیمِ اسناد میں بہ حیثیت مہمانِ خصوصی حاضرین سے خطاب کررہے تھے۔ڈ اکٹر فاروق ستار نے کہا کہ کراچی کو اسکی اصل شکل میں لانے کے لئے کراچی کے منتخب نمائندوں کو نہ صرف آئین کے مطابق انکے جائز اختیارات دئیے جائیں بلکہ شہری زندگی کو سہولیات بہم پہنچانے والے ادارے واٹر اینڈ سیوریج بورڈ، لوکل ٹیکس ، سولڈ ویسٹ مینجمنٹ اور ایس بی سی اے کو بلدیاتی نمائندوں کے اختیار میں دیا جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ مردم شماری جلد سے جلد اور صحیح طریقے پر کرائے جائے۔ ایسا نہ ہوکہ اپنی مرضی کے مطابق کسی علاقے کی آبادی 
زیادہ اور کہیں پر کم دکھادی جائے۔ 


۔ انہوں نے عوام سے 100روزہ صفائی مہم میں تعاون کی اپیل کی تاکہ شفاف شہر شفاف اور باشعور شہریوں کی پہچان نظر آئے اس موقع پر انہوں نے بلدیاتی نمائندوں کو خاص ہدایت کی کہ وسائل کی کمی کے باوجود کچرے کے ڈھیروں کا صفایا کرنے کے لئے تمام ممکنہ اقدام کئے جائیں ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا کہ کہ اگر صفائی ستھرائی نہ ہوئی تو اس شہر میں وبائی امراض پھیلنے کا خطرہ ہے جو کسی بھی آفت سے کم نہیں ہے اس موقع پر چیئرمین ضلع وسطی ریحان ہاشمی، وائس چئیرمین سید شاکر علی ،انصار برنی ٹرسٹ کے روح رواں انصار برنی ، ڈپٹی کمشنر سینٹرل کیپٹن (ر) فرید الدین ، میونسپل کمشنر محمد وسیم سومرو، منتخب بلدیاتی نمائندے پاکستان ریڈ کریسنٹ سوسائٹی کے نمائندے اور بلدیاتی افسران بھی موجود تھے ۔ سماجی کارکن انصار برنی نے کہا کہ بلدیہ وسطی نے انسانوں کو بچانے کے لئے جو شعبہ قائم کیا ہے وہ ایک بڑا عمل ہے میری خواہش ہے کہ میں اس تنظیم کا حصہ بنو ں اس موقع پر چیئرمین ضلع وسطی ریحان ہاشمی نے استقبالیہ خطاب میں بتایاکہ ضلع وسطی میں ہنگامی حالات اور حادثات کے موقع پر عوام کو فوری امداد پہنچانے کے لئے ایک خصوصی شعبہ کا قیام وقت کی ا ہم ضرورت تھی جس کے پیشِ نظر ڈزاسٹر ینیجمنت کا شعبہ قائم کردیا گیاہے جس میں 200تربیت یافتہ چاق و چوبند کارکنان دن رات خدمات کے لئے ہمہ وقت تیار رہیں گے۔ مذکورہ ہنگامی امداد کے شعبے دفاتر ضلع وسطی کے چار وں زون(سابقہ ٹاؤنز) میں قائم کردئے گئے ہیں۔ یہ تربیت یافتہ کارکنان نہ صرف ضلع وسطی بلکہ کراچی کے کسی بھی علاقے میں ہنگامی یا حادثاتی حالات میں امداد کے لئے برق رفتاری سے پہنچ سکیں گے۔ انہوں نے پاکستان ہلالِ احمر سوسائٹی کی انتظامیہ کا شکریہ اداکیا کہ جن کے تعاون سے یہ تربیتی پروگرام اپنی تکمیل کو پہنچے گا ۔۔ تقریب ضلع وسطی کے 80کارکنوں کے اعزازمیں منعقد کی گئی کہ جنہوں نے پاکستان ہلالِ احمر کے ماہرین کی زیرِنگرانی ابتدائی طبی امداد بہم پہچانے اور ہنگامی حالات سے نمٹنے اور عوام کو حادثات کے دوران امداد بہم پہچانے کی تربیت مکمل کی۔ تقریب کے آ خر میں وائس چیئرمین بلدیہ وسطی سید شاکر علی نے مہمانان گرامی اورمیڈیا کے نمائندگان کی 
آمد پر شکریہ ادا کیا ۔

17th Dec 2016 DMC Central Karachi News & Picture First Aid Rescue Team Award by Dr. Farooq Sattar