5th Jan 2017 DMC Central Karachi News & Picture



چکن گونیا اورڈینگی کے خلاف بلدیہ وسطی کا اہم اقدام

مچھروں کی افزائش کے خلاف کراچی یونیورسٹی ذولوجی ڈپارٹمنٹ کا تعاون حاصل کرلیا 

مورخہ : 5؍جنوری 2017ء ؁ 

کراچی ( ) بلدیہ وسطی میں چکن گونیا اور ڈینگی وائرس کے خلاف دوسرے مرحلے کا آغاز،چیئرمین بلدیہ وسطی ریحان ہاشمی نے چکن گونیا اور ڈینگی بخار کا سبب بننے والے مچھروں کے خاتمے اور افزائش کے خلاف کراچی یونیورسٹی کا تعاون حاصل کرلیا۔ کراچی یونیورسٹی کے اسسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر محمدطارق راجپوت نے بلدیہ وسطی میں خطرناک مچھروں کے خاتمے کے لئے اقدامات کے حوالے سے اہم دورہ کیا ۔ اس موقع پر کراچی یونیورسٹی زولوجی کے طالب علم ،برگیڈیئر محمد راشد ، یوسی چیئرمینز،ڈسٹرکٹ کونسلرز اور ڈائریکٹر باغات ندیم حنیف ودیگر افسران بھی انکے ہمراہ تھے ،اس موقع پرڈاکٹر طارق راجپوت نے بلدیہ وسطی کی مختلف یوسیز میں چھوٹے تالابوں اور فواروں میں جمع ہونے والے پانی میں موجود مچھروں کے لاروں کو ’’گپی مچھلیوں ‘‘ کے ذریعے ختم کرنے کا مظاہرہ بھی کیا۔ اس موقع پر ڈاکٹر راجپوت نے کہا کہ کسی بھی بیماری کاخاتمے کے لئے اُس کے اسباب و وجوہات کو ختم کرنا چاہئے ، صرف بیماری کا علاج کرنے سے اس کے اسباب نہیں ختم ہوتے۔ انہوں نے مثال دی کہ وبائی امراض کے پھیلنے کے ڈر سے ہم اسکولوں اور کالجوں کو بند کردیتے ہیں لیکن وبائی امراض کے اسباب کو ختم کرنے کی کوشش نہیں کی جاتی۔ڈاکٹر راجپوت نے مچھروں کے لاروے اور دیگر مدارج میں سیمپل بھی یوسی چئیرمینوں اور دیگر افسران کو دکھائے۔ واضح رہے کہ چیئرمین ریحان ہاشمی نے بلدیہ وسطی سے چکن گونیا اور ڈینگی جیسی جان لیوا بیماریوں کے اسباب کو ختم کرنے اور خطرناک مچھروں کی افزائش او ر پیداوار کے ذرائع کو ختم کرنے کے لئے خصوصی طور پر کراچی یونیورسٹی کے ذولوجی ڈپارٹمنٹ سے تعاون حاصل کیاہے ۔ کراچی یونیورسٹی سے خطرناک مچھروں کا شکار کرنے والی ’’ گپی مچھلیاں‘‘ حاصل کرکے بلدیہ وسطی کے خصوصی تالابوں میں انکی افزائش اور پرورش کی جائیگی ۔ تاکہ بلدیہ وسطی کے ہر علاقے میں کہ جہاں ٹھہرے ہوئے پانی میں مچھروں کی پیدائش کا امکان ہو وہا ں ان مچھلیوں کو چھوڑا جائے ۔ اس کے علاوہ ’’گپی مچھلیوں‘‘ کی کمرشل بنیاد پر بھی پرورش کرنے کا ارادہ ہے تاکہ نہ صرف ضلع وسطی بلکہ دیگر اضلاع میں بلدیاتی اداروں کو یہ مچھلیاں مہیاکی جاسکیں۔واضح رہے کہ چیئرمین بلدیہ وسطی ریحان ہاشمی چکن گونیا اور ڈینگی کے سدِ باب اور مچھروں کی افزائش کے روک تھام کے لئے کراچی یونیورسٹی زولوجی ڈپارٹمنٹ سے حاصل کردہ تعاون کے حوالے سے، بروز جمعہ مورخہ 6؍ جنوری 2017ء اپنے دفتر ناظم آباد نمبر 2میں 11؍ بجے دن خصوصی پریس بریفینگ دے رہے ہیں






5th Jan 2017 DMC Central Karachi News & Picture