19th Nov 2018 DMC Central Karachi Press Release

19th Nov 2018 DMC Central Karachi Press Release


کراچی ( ) سپریم کورٹ آف پاکستان کے احکامات پر میئر کراچی کی جانب سے غیر قانونی تعمیرات و تجاوزات کے خلاف شروع کیا جانے والاآپریشن بلدیہ وسطی میں بھی پوری شدت کے ساتھ جاری ہے۔ بلدیہ وسطی کا اینٹی انکروچمنٹ ڈپارٹمنٹ بلا تفریق ہر قسم کی غیر قانونی تجاوزات کو منہدم کررہاہے جبکہ بہت سے دکانداروں اور پتھارے داروں نے اپنی غیر قانونی تعمیرات کو از خود منہدم کردیا ۔ تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ کے احکامات کی روشنی میں میئر کراچی کی جا نب سے جاری اینٹی انکروچمنٹ آپریشن کا سلسلہ ضلع وسطی چیئرمین ریحان ہاشمی کی نگرانی میں پوری شدّت کے ساتھ جاری ہے ، اینٹی انکروچمنٹ ڈپارٹمنٹ کا عملہ ہیوی مشنری اور افرادی قوت استعمال کرتے ہوئے ہر قسم کی غیر قانونی تعمیرات و تجاوزات کو منہدم کررہا ہے ۔ تاہم قبضہ مافیہ اور انُ کے ایجنٹوں کی جانب سے کسی بھی ناخوشگوار ردِّ عمل سے نمٹنے کے لئے رینجرز اور پولیس کی مدد بھی لی گئی ہے۔ ریحان ہاشمی نے بلدیہ وسطی کے اینٹی انکروچمنٹ ڈپارٹمنٹ کو ہدایت کی ہے کہ قانونی عمل کی راہ میں کسی بھی قسم کا سیاسی دباؤ خاطر میں نہ لایا جائے اور ناجائز تجاوزات کو بلا تفریقِ اثر و رُسوخ گرادیاجائے اور ناجائز قبضہ کی گئی زمین قابضین سے خالی کرالی جائے۔واضح رہے کہ غیر قانونی تجاوزات کے خلاف قانون کے حرکت میں آنے سے عوام کا حوصلہ بڑھا ہے ، پہلے عوام قبضہ مافیہ کی بدمعاشی کے ڈرسے خاموش رہتے تھے لیکن اب سپریم کورٹ کے احکامات نے انہیں ہمت دلادی اور چیئرمین بلدیہ وسطی ریحان ہاشمی کو مختلف علاقوں کے رہائشی افراد نے غیر قانونی تجاوزات اور تعمیرات کی نشاندہی کی ہے۔ غیر قانونی تجاوزات کے خلاف مہم کے آغاز سے قبل ضلع وسطی میں قائم تمام ناجائز تجاوزات قائم کرنے والوں کو باقاعدہ نوٹس جاری کردئے گئے تھے جبکہ اِن تجاوزات پر نوٹس چسپاں کرنے کے ساتھ ہینڈ بل تقسیم کئے گئے اور تنبیہی بینرز بھی لگادئے گئے تھے۔اگرچہ اینٹی انکروچمنٹ ڈپارٹمنٹ کے افسران و اہلکاروں کو دھمکیاں اور دباؤ کا بھی سامنا ہے تاہم ریحان ہاشمی نے کسی بھی قسم کے دباؤ کو خاطر میں نہ لانے کی ہدایت کردی ہے اور وہ قانون کی راہ میں کسی رکاوٹ کو قبول کرنے کو تیار نہیں۔جبکہ بلدیہ وسطی کے چیئرمین اور وائس چیئرمین کا نام استعمال کرکے ناجائز تجاوزات کو دوام بخشنے کی کوشش کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی بھی کی جائے گی۔ یہ بات بھی دھیان میں رہے کہ چند روز قبل گلبرگ زون کے یوسی ۳۴؍ کے وائس چیئرمین شہاب الدین کو ناجائز تجاوزات کے انہدام کی کارروائی کے دوران قبضہ مافیہ کے کارندوں نے دھمکیاں دی تھیں۔ 




کرا چی ( ) چیئرمین بلدیہ وسطی ریحان ہاشمی نے کہا ہے کہ ضلع وسطی کو ماڈل ضلع بنانے کے لئے تمام دستیاب وسائل برؤے کار لارہے ہیں ۔وسائل کی کمی کے باوجود سڑکوں کی استر کاری و پیوند کاری کیساتھ ساتھ سیوریج لائنوں کی تبدیلی،پارکس کی تزئین و آرائش اور ضلع وسطی کو روشن رکھنے کے لئے اسٹریٹ لائٹس کی درستگی کے ساتھ ہی نئی لائٹیں بھی لگائی جارہی ہے جبکہ ماہ ربیع الاول میں عاشقان رسول ؐ کو جشن عید میلاد النبی ؐ کے موقع پر بہتر سے بہتر بلدیاتی سہولیات بھی مہیاء کی جارہی ہیں ان خیالات کا اظہار انہوں نارتھ کراچی میں بلدیہ وسطی کی جانب سے سیوریج کی نئی لائن بچھا نے کے کام کا معائنہ کے دوران میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ تفصیلات کے مطابق نیو کراچی زون کے سیکٹر 7-D/2 نارتھ کراچی یوسی 14کے عوام سیوریج لائن کے مخدوش ہوجانے کے سبب عوام گندے پانی کے رساؤ اور تعفّن سے پریشان تھے۔ چیئرمین بلدیہ وسطی نے عوام کی پریشانی کو مدِّ نظر رکھتے ہوئے مذکورہ علاقے میں پرانی مخدوش گندے پانی کی لائن کی جگہ بلدیہ وسطی کے خرچے پر نئی سیوریج لائن ڈلوادی جس کے سبب علاقہ مکینوں نے سکون کا سانس لیا اور چیئرمین بلدیہ وسطی کا شکریہ اداکیا۔ اُدھر کریم آباد پرواقع نالہ میں گندگی ، کوڑاکرکٹ اور سیوریج کے پانی کے بہاؤ کے سبب نالہ بلاک ہوگیا تھا اور علاقہ مکینوں کے لئے نہ پریشانی کا سبب تھا۔ مذکورہ نالے کو چیئرمین بلدیہ وسطی ریحان ہاشمی نے ہیوی مشنری استعمال کرتے ہوئے اپنی نگرانی میں صاف کروایا ۔ انہوں نے نالے کی صفائی کے کام کا معائنہ کیا اور موقع پر موجود علاقہ مکینوں سے انکے مسائل سُنے اور عوام کی بہبود کے لئے بلدیہ وسطی کے وسائل میں رہتے ہوئے ہر ممکن اقدام کرنے کی یقین دہانی کروائی۔ بعد ازاں انہوں رات گئے یونین کمیٹی نمبر 30 یٰسین آبادفیڈرل بی ایریا میں ہونے والی سڑک کی استرکاری کے کام کا معائنہ کیا واضح رہے کہ ریحان ہاشمی بلدیہ وسطی کے وسائل کم ہونے کے باوجود عوام کی بہبود کے لئے جد و جہد میں مصروف ہیں ۔ بلدیہ وسطی کا عملہ انکے ہدایت پر دن رات اپنی خدمات انجام دے رہا ہے ۔ تاکہ موجودہ صورتِ حال میں جشنِ ولادتِ محمد مصطفے ﷺ منانے میں بلدیہ وسطی کے عوام کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ 





19th Nov 2018 DMC Central Karachi Press Release