24th Sep 2018 DMC Central Karachi Press Release

24th Sep 2018 DMC Central Karachi Press Release


کراچی ( ) بلدیہ وسطی اپنے وسائل سے ضلع وسطی میں شجرکاری ، باغات اور گرین بیلٹس میں پودوں اور درختوں کو یومیہ ایک لاکھ گیلن ٹریٹیڈ پانی مہیاکرے گا۔سیوریج پانی کے ٹریٹمنٹ کے لئے پہلے سے موجود پلانٹس کی کارکردگی کو اپ گریڈ کرکے سیوریج پانی کو پودوں کے لئے قابلِ استعمال بنا کر یومیہ ایک لاکھ گیلن پانی مہیاکرنے کا منصوبہ پر عمل شروع کیا جارہا ہے ۔ چیئرمین بلدیہ وسطی ریحان ہاشمی کے مطابق ماہِ اکتوبر ۲۰۱۸ء ؁ سے ضلع وسطی میں موجود درختوں ، پودوں اور گرین بیلٹس کو سیوریج کا ٹریٹیڈ پانی یومیہ ایک لاکھ گیلن مہیاکیا جائے گا۔ وہ نارتھ ناظم آباد کے ’’فتح فیملی پارک ‘‘میں قائم واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ کی کارکردگی کے معائنے کے موقع پر گفتگو کررہے تھے۔ انہوں نے بتایا کہ یہ بات ۲۰۱۶ء ؁ میں محسوس کی جاچکی تھی کہ آئندہ برسوں میں پانی کی قلت ضلع وسطی کی ہریالی کو نقصان پہنچاسکتی ہے اس لئے بلدیہ وسطی کی انتظامیہ نے اپنے وسائل استعمال کرتے ہوئے سیوریج واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ لگانے کا منصوبہ بنایا۔ اب ان پلانٹس کی کارکردگی کو بہتر بناکر پہلے سے زیادہ پانی کو پودوں کیلئے قابلِ استعمال بنایا جاسکے گا۔ اس سلسلے میں ریٹرئرڈ فوجی جنرلز کی این جی او کا تعاون حاصل کیا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ’’ پانی صرف پودوں کے لئے ‘‘ منصوبے کے تحت بلدیہ وسطی نے پینے کے لاکھوں گیلن پانی کو ضائع ہونے سے بچالیا جو اب بلدیہ وسطی کے عوام کے استعمال میں آئے گا۔ کیونکہ پودوں کو سیوریج کا پانی مہیاکیا جائے گا۔ جو اُن کے لئے آبِ حیات سے کم نہیں۔ انہوں نے بتایا کہ اس منصوبے پر عملدرآمد کے لئے نہ تو حکومتِ سندھ اور نہ ہی شہری حکومت کی جانب سے کسی قسم کی مالی یا فنی امداد مہیاکی گئی ۔ بلدیہ وسطی اپنے وسائل میں رہتے ہوئے مذکورہ منصوبے کو پایۂ تکمیل تک پہنچانے میں مصروف ہے کیونکہ یہ شہر اور شہریوں کو بہتر ماحول مہیاکرنے کی بات ہے۔



24th Sep 2018 DMC Central Karachi Press Release