5th Nov 2018 DMC Central Karachi Press Release

5th Nov 2018 DMC Central Karachi Press Release


کراچی ( ) بلدیہ وسطی میں پیپلز چورنگی نارتھ ناظم آباد سے نمک بینک بفرزون تک ڈبل روڈ کی صفائی جاری۔ سڑک کے ساتھ بہنے والے خستہ حال سیوریج نالے کی مرمت اور گرین بیلٹ میں پودے لگانے کے لئے اقدامات۔چیئرمین بلدیہ وسطی ریحان ہاشمی نے مذکورہ سڑک کا دورہ کیا اور بلدیہ وسطی کے عملے کی جانب سے ہونے والے کام کا جائزہ لیا۔اس موقع پر میونسپل کمشنر بلدیہ وسطی وسیم سومرو،یونین کمیٹی نمبر۲۴ کے چیئرمین عبدالکریم یوسف زئی ،XEN بلدیہ وسطی نازش رضا،و دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے ۔تفصیلات کے مطابق ضلع وسطی میں نارتھ ناظم آباد زون کے علاقے یونین کمیٹی نمبر۲۴ پیپلز چورنگی سے نمک بینک بفرزون تک کی ڈبل روڈ کو پانی کی لائن ڈالنے کے بعد کھودی گئی سڑک واٹر بورڈ کی نااہلی کی وجہ سے کافی عرصہ سے خستہ حالی کا شکار تھی کیونکہ واٹر بورڈ کے عملے نے سڑک کھودنے کے بعد کھدائی سے پیدا ہونے والے ملبے اور مٹی کو برابر کرنے کے بجائے یوں ہی بکھرا چھوڑ دِیا جبکہ کھودی گئی سڑک کو دوبارہ تعمیر بھی نہیں کیا۔ جس کے سبب نہ صرف یہاں سے گزرنے والی ویگنوں، رکشوں ، کاروں اور موٹر سائکل سواروں کو دشواری کا سامنا تھا بلکہ علاقہ مکین بھی خستہ حال سڑک سے اُٹھنے والی دُھول سے مشکلات کا شکار تھے۔دھول مٹی ایک جانب تو سانس کی بیماری کا سبب بن رہی ہے جبکہ گھر، فلیٹس اور دکانیں گرد سے اَٹی جارہی ہیں۔ اس پریشان کُن صورتِ حال کومدِّ نظر رکھتے ہوئے چیئرمین ضلع وسطی ریحان ہاشمی نے بلدیہ وسطی کے اخراجات پر مذکورہ سڑک کی صفائی کے احکامات جاری کردئے ہیں جبکہ سڑک کے ساتھ بہنے والے سیوریج نالے کی خستہ حالی کی درستگی اور گرین بیلٹ کی خوبصورتی کے لئے پودے اور سبزہ لگانے کے لئے متعلقہ ڈپارٹمنٹس کو احکامات جاری کردیئے ہیں۔واضح رہے کہ مذکور سڑک واٹر بورڈ کی جانب سے کھدائی اورخستہ حالی کا شکار ہونے سے قبل چلتی ہوئی سڑک تھی جس پر ویگنیں، رکشہ، چنگچی رکشہ، نجی کاریں اور موٹر سائیکلوں کے علاوہ ٹرک اور ٹرالر بھی چلتے تھے لیکن واٹر بورڈ کی نااہلی نے نہ صرف سڑک کو برباد کردیا بلکہ علاقہ مکینوں کا سکون بھی بربادکردیا جبکہ ٹریفک کا نظام درہم برہم ہوگیا ہے۔تاہم چیئرمین بلدیہ وسطی ریحان ہاشمی کی حالیہ کوششوں سے اُمید کی جاسکتی ہے کہ مذکورہ سڑک عام ٹریفک کے لئے دوبارہ قابلِ استعمال اور بہتر ہو جائے گی ۔ 



5th Nov 2018 DMC Central Karachi Press Release