7th Aug 2018 DMC Central Karachi Press Release

7th Aug 2018 DMC Central Karachi Press Release


کراچی ( ) چیئرمین بلدیہ وسطی ریحان ہاشمی نے کہا ہے کہ ماحولیاتی آلودگی کے خلاف مشترکہ جہاد کی ضرورت ہے۔ پرائیویٹ اور پبلک سیکٹر مل کر جشنِ آزادی شجرکاری میں بھرپور حصہ لیں تو اپنے شہر کی فضائی آلودگی کو کم کیا جاسکتاہے۔ وہ بلدیہ وسطی شعبہٌ تعلیم نارتھ ناظم آباد زون کی جانب سے منعقد کئے جانے والے جشنِ آزادی شجرکاری مہم برائے'' سرسبز و شاداب کراچی '' پروگرام میں حاضرین سے خطاب کررہے تھے۔ مذکورہ پروگرام نارتھ ناظم آباد بلاک بی میں بلدیہ وسطی کے زیرِ انتظام چلنے والے ’’میجر خالد شہید اسکول‘‘ میں ترتیب دیا گیا تھا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ماحول کی آلودگی صرف کراچی یا پاکستان کاہی مسئلہ نہیں ہے بلکہ اس آلودگی نے عالمی مسئلے کی شکل اختیار کرلی ہے ۔ دنیا کے ترقی یافتہ ممالک سب سے زیادہ فضائی آلودگی کا شکار ہیں ۔ اگرچہ فضائی آلودگی ختم نہیں کی جاسکتی مگر اس میں کمی لائی جا سکتی ہے ۔ فضائی آلودگی کے خلاف سب سے بڑا ہتھیار شجرکاری ہے جس قدر زیادہ درخت اگائے جائیں گے فضاء میں اسی قدر آکسیجن کی مقدار میں اضافہ ہوگا اور انسان اور دیگر جانداروں کے لئے صحت افزأ ماحول میں اضافہ کیا جاسکے گا۔ اس موقع پر انہوں نے بلدیہ وسطی کے زیرِ انتظام چلنے والے.اسکولوں کے طلباء وطالبات کی کارکردگی کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بلدیہ کے زیر انتظام چلنے والے اسکول موجودہ انتظامیہ کے زیرِ سرپرستی آنے سے قبل اُجاڑ تھے اور تعلیم کا معیار بھی بہتر نہ تھا۔ جبکہ اب اِن اسکولوں کے ماحول اور معیارِ تعلیم بھی نہ صرف بہتر ہوا ہے بلکہ کئی دیگر نامور اسکولوں سے بھی بہتر ہے ۔ جس کی وجہ سے طلبا و طالبات کی تعداد میں اضافہ ہورہا ہے کیونکہ اب والدین بلدیہ وسطی کے زیرِ انتظام اسکولوں میں بہتر پڑھائی دیکھ رہے ہیں۔ قبل ازیں ڈاریکٹر ایجوکیشن بلدیہ وسطی نے بلدیہ کے زیرِ انتظام چلنے والے اسکولوں کی تعلیمی کارکردگی پر روشنی ڈالی او رشجرکاری مہم کے سلسلے میں کئے گئے انتظامات کی تفصیل سے آگاہ کیا۔ انہوں نے بتایا کہ شجرکاری کے لئے پودے خریدنے کے لئے اساتذہ اور طلبا و طالبات نے رضاکارنہ طور پر اپنی جیب سے رقم خرچ کی ہے جو انکے جذبۂ حب الوطنی کا عکاس ہے۔طلبا و طالبات نے شجرکاری سے آگاہی پر مبنی ٹیبلو پیش کئے ۔ بعد ازاں چیئرمین نے اسکول کے اساتذہ اور طلبا و طالبات کے ہمراہ شجرکار ی کے فوائد سے آگاہی کے لئے کی جانے والی واک کی قیادت بھی کی ۔ 



7th Aug 2018 DMC Central Karachi Press Release