10th Jul 2018 DMC Central Karachi Press Release

10th Jul 2018 DMC Central Karachi Press Release


کراچی ( ) واٹر بورڈکے دو(۲) رکنی وفدنے ایم ڈی واٹر بورڈ خالد دمحمودشیخ کی ہدایت پر چیئرمین بلدیہ وسطی ریحان ہاشمی سے ان کے دفتر میں ملاقات کی اور بلدیہ وسطی کے عوام کو درپیش پانی کی قلّت کے مسائل کو جلد از جلد حل کرنے کے لئے اقدامات کرنے کا یقین دلایا۔ واٹر بورڈ کے وفد میں ایکس ای این عبداللہ کامران اوراسسٹنٹ ایگزیکٹِو انجینئر سہیل اے طیب شامل تھے جبکہ چیئرمین ریحان ہاشمی کی معاونت کے لئے بلدیہ وسطی کے منتخب نمائندگان تمام یوسیزکے چیئرمین موجود تھے۔ اس موقع پر بلدیہ وسطی میں پانی کی سپلائی میں کمی، والو آپریشن اور واٹر ڈسٹریبیوشن میں کرپشن کے معاملات کے ساتھ ساتھ مخدوش اور رستی ہوئی پانی کی پائپ لائنوں کی مرمت اور تبدیلی کے بارے میں تفصیلی استفسار کیا گیا۔ بلدیہ وسطی کے عوام کی پریشانیوں کا ذکر کرتے ہوئے چیئرمین ریحان ہاشمی نے کہا کہ پانی کی غیر منصفانہ تقسیم دراصل والو مین اور واٹر ڈسٹریبیوشن ڈپارٹمنٹ کی کرپشن کی نشاندہی کررہی ہے ۔ جس کی وجہ سے بلدیہ وسطی کے تمام علاقوں میں صحیح مقدار میں پانی نہیں پہنچ رہا ۔ لگتاہے کہ کسی نہ کسی مقام پر کرپٹ واٹر مافیا کے کارندے اپنا کام دِکھارہے ہیں لیکن اب بلدیہ وسطی کی انتظامیہ ایسے تمام افرادکو بند کرانے کے لئے قانونی چارہ جوئی کرے گی تاکہ عوام کو ایسے بدعنوان افراد سے نجات دلائی جاسکے کہ جو ذاتی منفعت کی خاطر عوام کو تکلیف پہنچاتے ہیں۔ واٹر بورڈ کے نمائندگان نے ریحان ہاشمی کی شک کو قرین از قیاس قراردیتے ہوئے ایسے افراد کو انکی ملازمت سے فارغ کردینے کا امکان ظاہر کرتے ہوئے والو آپریشن اور واٹر پمپنگ اسٹیشن پر ایماندار اور محنتی افراد کو تعینات کرنے کی یقین دہانی کرائی۔ انہوں نے کہا کہ بلدیہ وسطی کے مسائل کو دو فیز میں حل کیا جائے گا۔ پہلے فیز میں والو آپریشن اور واٹر ڈسٹری بیوشن کو دُرست کیا جائے گا اگر کوئی بھی واٹر بورڈ کا کارندہ کسی بھی قسم کی بدعنوانی میں ملوث پایا گیا تو فوری طور پر اُسے ڈیوٹی سے ہٹاکراس کے خلاف محکمہ جاتی قانونی کار روائی کی جائے گی۔ دوسرے مرحلے میں رستی ہوئی اور مخدوش پائپ لائنوں کی مرمت اور ضرورت کے مطابق تبدیلی عمل میں لائی جائے گی تاکہ لاکھوں گیلن پانی کے زیاں کو فوری طور پر روکا جائے۔ اس موقع پر ریحان ہاشمی نے بلدیہ وسطی کے تمام یوسی چیئرمینوں کو ہدایت کی کہ وہ واٹر بورڈ کے نمائندگان کو ایسے تمام مقامات کی فوری نشاندہی کریں جہاں پانی کی پائپ لائن رس رہی ہیں اور جن علاقوں سے پانی کی شدید قلت کی شکایات موصول ہورہی ہیں۔ واضح رہے کہ گذشتہ ہفتے ریحان ہاشمی نے کراچی واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کے ایم ڈی خالد محمود شیخ سے انکے دفتر میں ملاقات کرکے بلدیہ وسطی میں پانی کی قلّت کے مسائل پر استفسار کیا تھا ۔ ایم ڈی واٹر بورڈ نے بلدیہ وسطی کے مسائل حل کرنے کے لئے اقدامات کرنے کا وعدہ کیا تھا ۔ ریحان ہاشمی سے واٹر بورڈ کے وفد کی تازہ ملاقات اُس ملاقات کا تسلسل ہے جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ واٹر بورڈ بلدیہ وسطی کے مسائل حل کرنے میں دلچسپی رکھتاہے۔



10th Jul 2018 DMC Central Karachi Press Release