9th May 2018 DMC Central Karachi Press Release

9th May 2018 DMC Central Karachi Press Release


کراچی ( ) چیئرمین بلدیہ وسطی ریحان ہاشمی نے کہا ہے کہ اہلیان ضلع وسطی فیڈرل بی ایریا کراچی کو بہترین پارک کا تحفہ پیش کریں گے انہوں نے کہا کہ بلاک 16 فیڈرل بی ایریا میں قائم غفران پارک عوام کو سستی تفریح مہیا کرنے کا بہترین ذریعہ ثابت ہوگا ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے فیڈرل بی ایریا بلاک 16 میں غفران پارک کی تزئین و آرائش کے کام کا معائنہ کرتے ہوئے کیا اس موقع پرفوکل پرسن بلدیہ وسطی نبیل احمد ، ڈائریکٹر باغات ندیم حنیف بھی موجودتھے۔چیئرمین ریحان ہاشمی نے کہا کہ عوام کے لئے غفران پارک کو ایک بار پھر رنگ برنگی دلکش پھول دار پودے اور پھل دار درختوں کے ساتھ ساتھ پارک میں آنے والے مرد و خواتین کے بیٹھنے کے لئے خوبصورت بینچز اور بچوں کے لئے جھولوں سے سجایا جائیگا جو عوام کی توجہ کا مرکز بنیں گے انہوں نے کہا کہ مزکورہ پارک گزشتہ کئی برسوں سے اپنی افادیت کھو چکا تھا ، چیئرمین بلدیہ وسطی ریحان ہاشمی نے کہا کہ حق پرست بلدیاتی نمائندوں نے عوام کو صحت مند اور صاف و شفاف ماحول کی فراہمی کا جو بیڑا اٹھایا ہے اسے بلدیاتی نمائندوں اور عوام کے تعاون سے ہر صورت پورا کریں گے ۔ چیئرمین بلدیہ وسطی نے کہا کہ ضلع وسطی میں قائم گرین بیلٹس اور پارکوں کی تزئین و آرائش اور بحالی کا کام بلا تعطل جاری ہے جبکہ ضلع وسطی کے مختلف علاقوں میں قائم گرین بیلٹس اور پارکس تزئین و آرائش کے بعد عوام کے لئے کھول دئیے گئے ہیں۔ جبکہ ضلع وسطی کے مزیدپارکوں کی حالت کو بہت جلد درست کرکے شہریوں کے لئے کھول دیں گے، چیئرمین بلدیہ وسطی ریحان ہاشمی نے مزید کہا کہ بلدیہ وسطی کے زیرانتظام پارکوں اور گرین بیلٹس کی بحالی اور درستگی کے لئے احکامات جاری کردیئے ہیں ان پارکوں کی بحالی اور تزئین و آرائش کے لئے بلدیہ وسطی اپنے وسائل، ہارٹیکلچرسٹ،انجینئراور لیبر کواستعمال کرے گی،چیئرمین بلدیہ وسطی نے کہا کہ پارکس اور درخت کراچی کی ضرورت ہیں اور یہ شہریوں کو انتہائی سستی تفریح کا ذریعہ بھی ہیں، انہوں نے کہا کہ بڑھتی ہوئی آبادی کے پیش نظر اگر درختوں اور پودوں کی تعداد میں اضافہ نہ کیا گیا تو کراچی میں فضائی آلودگی خطرناک حد تک بڑھ جائے گی جس سے کئی امراض پیدا ہوں گے انہوں نے کہا کہ سڑکوں پر ٹریفک کا دباؤ بڑھتا جا رہا ہے اور ان سے پیدا ہونے والی کثافت کے باعث شہری متاثر ہوتے ہیں، اس کا واحد حل پارکوں کی بحالی اور بڑی تعداد میں شجر کاری کرنا ہے، ریحان ہاشمی نے کہا کہ بلدیہ وسطی نے شجر کاری مہم شروع کررکھی ہے ،بلدیہ وسطی نے گزشتہ شجر کاری کے دوران ضلع کے مختلف علاقوں میں قائم پارکس ،گرین بیلٹوں پر ہزاروں پودے لگائے ہیں جبکہ اس مہم کو مسلسل جاری رکھتے ہوئے دیگر علاقوں میں بھی پودے لگائے جائیں گے، انہوں نے کہا کہ کسی بھی شہر میں ایک شخص ایک درخت، عالمی معیار ہے جسے ہم شہریوں کے تعاون سے پورا کرنے کی کوشش کررہے ہیں، انہوں نے کہا کہ مجھے امید ہے کہ شہریوں کی فلاح و بہبود اور صحت اور مسرت کے لئے بنائے گئے پروگراموں میں کراچی کے شہری ان کا بھرپور ساتھ دیں گے، انہوں نے کہا کہ جن لوگوں کو انہوں نے منتخب کرکے بلدیاتی قیادت دی ہے وہ ان کے توقعات پر پورے اتر رہے ہیں، چیئرمین بلدیہ وسطی نے پارکس کمیٹی کو ہدایت کی کہ وہ ضلع وسطی کے تمام پارکوں کا سروے کرکے ان کی بحالی اور تزئین و آرائش کے لئے رپورٹ مرتب کریں ، انہوں نے کہا کہ وہ عوامی نمائندے ہیں اور کراچی کی بہتری چاہتے ہیں، انہوں نے کہا کہ ان کی یہ خواہش ہے کہ کراچی ایک مرتبہ پھر روشنی کا شہر بنے، گزشتہ آٹھ سال میں جس بے دردی سے کراچی کو تباہ و برباد کیا گیا اور لاوارث چھوڑا گیا اب ایسا نہیں ہونے دیں گے ہم کراچی کے شہری ہونے کے ناطے اسے اون کرتے ہیں، اپنا شہر سمجھتے ہیں اور اس کو سنوارنے اور سجانے کے لئے کوئی کسر اٹھا نہیں رکھیں گے۔


9th May 2018 DMC Central Karachi Press Release