25th Sep 2018 DMC Central Karachi Press Release
کراچی ( ) بلدیاتی ادارے حکومتِ سندھ کی جانب سے بے اعتنائی کا شکار ہیں اور اپنے دائرہٗ کار میں رہتے ہوئے محدوود وسائل اور لامحدود مسائل کی جنگ کے درمیان پس کر رہ گئے ہیں۔ چیئرمین بلدیہ وسطی ریحان ہاشمی کے مطابق بلدیاتی خدمات کا تعلق عوام کی شہری اور معاشرتی زندگی سے ہوتا ہے جسے بہتر ماحول مہیاکرنا بلدیاتی اداروں کی ذمہ داری ہوتی ہے ۔ تاہم کوئی بھی کام چاہے تجارتی بنیادوں پر ہو یا فلاحی ہدف کے تحت بِلا مالی وسائل ممکن نہیں ۔ تو پھر بلدیاتی ادارے بغیر مناسب مالی اعانت کے کس طرح اپنے فرائض انجام دے سکتے ہیں۔ تاہم بلدیہ وسطی کی انتظامیہ اپنی جانب سے ضلع وسطی کے عوام کو بہتر سے بہتر بلدیاتی سہولیات مہیاکررہی ہے ۔ جبکہ محدود مالی وسائل ہر قدم پر رکاوٹ بن رہے ہیں ۔ یوں مسائل اور وسائل کی جنگ نے بلدیاتی اداروں کو دو چکی کے پاٹوں کے درمیان ایسے پیس کر رکھ دیا ہے کہ جسطرح گیہوں کا دانہ چکی کے درمیان پس جاتاہے۔ایسی صورتِ حال میں عوام کو بلدیاتی سہولیات مہیاکرنا جوئے شیر لانے کے برابر ہے کیونکہ روزمرّہ کا کچرا ہی ہزاروں ٹن ہوتاہے اوپر سے گاڑیوں، ڈمپرز اور لوڈرز کی کمی صفائی کے کاموں میں رکاوٹ پیداکرتی ہے۔ ضلع وسطی کے درختوں اور پودوں کو بلدیہ وسطی کی جانب سے اگر پینے کا پانی دیا گیا تو عوام کے لئے پینے کا پانی کم پڑجائے گا کیونکہ ضلع وسطی میں پانی کی قلّت کی شکایت پہلے ہیں موجودہے ۔ تاہم این جی او کے تعاون سے سیوریج کے پانی کو ٹریٹمنٹ کے ذریعے پودوں کے قابل بناکر ایک لاکھ گیلن پانی روزآنہ پودوں کو مہیاکرنے کے منصوبے کے تحت عوام کے لئے لاکھوں گیلن پینے کا پانی بچایاجارہاہے۔ یوں ضلع وسطی اپنے وسائل سے بڑھکر بہتر سے بہتر خدمات مہیاکررہی ہے۔
25th Sep 2018 DMC Central Karachi Press Release