7th Nov 2018 DMC Central Karachi Press Release

7th Nov 2018 DMC Central Karachi Press Release


چئیرمین بلدیہ وسطی ریحان ہاشمی کی صدارت میں استقبالِ ربیع الاوّل کے سلسلے میں پروگرام ترتیب دینے کے لئے ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں مختلف مکاتبِ فکر سے تعلق رکھنے والے علمأ ،منتظمین مساجد و امام بارگاہ اور منتظمین جلوس نے شرکت کی۔ اجلاس میں حق پرست ارکانِ صوبائی اسمبلی سندھ خواجہ اظہار الحسن اورسید عباس جعفری نے خصوصی شرکت کی۔ ڈپٹی کمشنر سینٹرل فرحان غنی، میونسپل کمشنر محمد وسیم سومرو، ضلع وسطی پانچوں ڈویژنوں کے اسسٹنٹ کمشنر صاحبان ، ایس ایس پی سینرل ، رینجرز کے افسران ، کراچی واٹر اینڈ سیوریج بورڈ، کے الیکٹرک اور بلدیہ وسطی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افسران بھی اجلاس میں موجود تھے۔ ارکان سندھ اسمبلی عباس جعفری اورخواجہ اظہار الحسن نے جشنِ ولادتِ رسول ﷺ کے انعقاد میں ہر قسم کے ممکنہ تعاو ن کا یقین دلایا۔ ڈپٹی کمشنر فرحان غنی نے کہا کہ ڈی سی آفس ہر سال کی طرح اس بار بھی ولادتِ باسعادت ﷺ کے سلسلے میں عوام کی خواہشات پر پورا اتریں گے۔ ڈی سی آفس دینی نوعیت کے تمام پروگرامز کے معاملات اور مسائل سے واقف ہے۔ اس موقع پر حاضرین سے خطاب کرتے ہوئے ریحان ہاشمی نے کہاکہ ضلع وسطی میں ہر سال کی طرح امسال بھی جشنِ ولادتِ رسول ﷺ اسلامی تشخص اور رسولِ اکر م محمد مصطفےٰ ﷺ سے محبت کے اظہار کے جذبہ کے ساتھ منایا جائے گا۔ انہوں نے بلدیاتی خدمات کے حوالے سے حاضرین کو یقین دلایا کہ جشنِ ولادتِ رحمت اللعالمین ﷺ کے پروگراموں کے انعقاد میں بلدیہ وسطی کے افسران و کارکنان ہمہ وقت خدمات انجام دیتے رہیں گے۔ انہوں نے بتایاکہ مساجد ، امام بارگاہوں ، عیدگاہوں اور دیگر عوامی اجتماعات کے مقامات پر خصوصی صفائی کا انتظام کیا جارہاہے جبکہ رات کے وقت تمام جلوسوں کے راستوں پر خصوصی روشنی کا انتظام کیا جائے گا۔ جبکہ جلوسوں کے راستوں میں پانی کی سبیلیں بھی لگائی جائیں گی تاکہ مُحبّانِ مُصطفے ﷺ کو پیاس کی شد ت میں پانی و شربت میسّر آسکے۔علمأ نے نکتہ اُٹھایا کہ ہمیں ہر دینی تہوار پر واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کو انکی ذمہ داریاں یادد لانی پڑتی ہیں ، ایسا کیوں نہیں ہوتا کہ جہاں جشن عید الامیلا د ﷺکی محفلیں سجائی جاتی ہے ایسی جگہوں پر عوامی خدمات کے ادارے اپنی ذمہ داریوں کو بغیر یادہانی بہ از خود انجام دیں اور عوام کو مشکلات کا سامنا کرنے سے بچائیں۔اجلاس کے دوران شہید مولانا سمیع الحق کے لئے فاتحہ خوانی کی گئی اور انکی مغفرت و درجات کی بلندی کے لئے دُعا کی گئی۔ اجلاس کے اختتام پر دُرود و سلام کا نذرانہ رحمت اللعالمین محمد مصطفے ﷺ کے حضور پیش کیا گیا۔



7th Nov 2018 DMC Central Karachi Press Release