11th Nov 2017 DMC Central Karachi Press Release
کراچی ( ) آج کے ذہین طلبا وطالبات کل کے سائنسدان، صنعتکار اور قوم کے رہنما ہونگے، تعلیمی اداروں میں مثبت ہم نصابی سرگرمیاں طلبا و طالبات کی صلاحیتوں کو نکھارتی ہیں۔طلباقوم کی امیدوں کا محور ہیں، طالبات کی تعلیم اور تربیت کے بغیر کوئی قوم حقیقت میں ترقی نہیں کرسکتی۔اِن خیالات کا اظہار چیئرمین بلدیہ وسطی ریحان ہاشمی نے بہ حیثیت مہمانِ خصوصی، الحمیدسیکنڈری اسکول نارتھ کراچی میں منعقدہ سائنسی نمائش کا افتتاح کرنے کے بعد طلباو طالبات و اساتذہ سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔انہوں نے مزید کہا کہ نئی نسل کو جدید دور کے مطابق تعلیم اور تربیت مہیا سے آراستہ کرنے کا مطلب انہیں نئے دور اور ترقی یافتہ قوموں سے قدم ملاکرچلنے کے قابل بنانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلدیہ وسطی تعلیمی اداروں میں بہتری کی خواہاں ہے۔ اس سلسلے میں ناظم آباد زون میں بلدیہ وسطی کے زیرِ انتظام طلباوطالبات کے لئے کمپیوٹرلیب قائم کی گئی ہے ۔ قبل ازیں اسکول کے پرنسپل منور حمید نے استقبالیہ تقریر میں نمائش کے انعقاد کے اغراض و مقاصد سے مہمانوں کو آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ نمائش کا مقصد طلبا وطالبات کی پوشیدہ صلاحیتوں کو اجاگرکرنے کے ساتھ ساتھ انہیں تعلیم سے بھرپور فائدہ اْٹھاتے ہوئے اپنے ٹیلنٹ کے اظہار کا موقع فراہم کرناہے۔ ریحان ہاشمی نے نمائش میں لگائے گئے اسٹالز کا معائنہ کیا اورطلباو طالبات کو انکی صلاحیتوں پر خراجِ تحسین پیش کیا۔نمائش میں روبوٹ، بلڈسرکولیشن سسٹم،تھرمل پاور پلانٹ، الیکٹرانک، شمسی توانائی، واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ، ماحولیات سے متعلق فزکس ، کیمسٹری اور بائیولوجی کے مختلف شعبوں کے اسٹالز لگائے گئے تھے ۔ نمائش دیکھنے والوں نے طلباو طالبات کی کاوشوں اور صلاحیتوں کو بھرپور خراجِ تحسین پیش کیا۔ عالمگیر سیفی
11th Nov 2017 DMC Central Karachi Press Release