22nd Dec 2017 DMC Central Karachi Press Release

22nd Dec 2017 DMC Central Karachi Press Release


کراچی ( )چیئرمین بلدیہ وسطی ریحان ہاشمی نے کہا ہے کہ مسیحی برادری پاکستان کی ترقی میں بھرپور کردار ادا کررہی ہے۔ زندگی کے مختلف شعبوں میں اُن کی خدمات اہم مقام رکھتی ہیں۔ وہ کرسمس کی آمد سے قبل نیو کراچی میں قائم مسیحی برادری کے مختلف علاقوں میں صفائی کے انتظامات کا جائزہ لینے کے موقع پرموجود مسیحی برادری کے افراد سے گفتگو کررہے تھے۔اس موقع پر میونسپل کمشنر آفاق سعید،سپرنٹنڈنگ انجینئر اقبال احمد خان،ایکس ای این بلڈنگ و روڈنیوکراچی نازش رضا، متعلقہ یوسی کے چیئرمین و وائس چیئرمین بھی موجود تھے۔ ریحان ہاشمی کی ہدایت پر بلدیہ وسطی میں کرسمس کے موقع پر مسیحی برادری کی آبادیوں میں صفائی اور روشنی کے خصوصی انتظامات کئے گئے ہیں۔جبکہ گرجا گھروں کے اطراف اور گرجا گھرو ں کو جانے والے راستوں پر صفائی کے ساتھ رات کے وقت روشنی کا خصوصی انتظام کیا گیا ہے، تاکہ مسیحی برادری کو کرسمس کا تہوار منانے میں کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ چیئرمین بلدیہ وسطی ریحان ہاشمی نے بہ نفسِ نفیس بلدیہ وسطی میں قائم مختلف مسیحی آبادیوں کادورہ کیا، گلیوں اور سڑکوں میں صفائی کے انتظامات کا جائزہ لیا اور گرجا گھروں کے منتطمیں سے ملاقات کرکے انکے مسائل دریافت کئے ۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ ہر پاکستانی شہری کو بلاتفریقِ مذہب و مِلّت بلدیاتی سہولیات اور خدمات مہیا کرتے رہیں گے۔واضح رہے کہ کراچی میں اچانک سردی کی لہر بڑھ جانے کے باوجود بلدیہ وسطی کا عملہ اپنی خدمات تندہی کے ساتھ شب و روز انجام دے رہاہے ۔کرسمس کی آمد پر تمام گرجاگھروں کے اطراف اور ان کی جانب آنے والے راستوں پر خصوصی صفائی کے ساتھ ساتھ رات کے وقت روشنی کے لئے اسٹریٹ لائٹس کی صفائی اور درستگی کا کام قبل از کرسمس مکمل کرلیا جائے گا۔ 







22nd Dec 2017 DMC Central Karachi Press Release