17th Mar 2018 DMC Central Karachi Press Release

17th Mar 2018 DMC Central Karachi Press Release


بلدیہ وسطی نارتھ ناظم آباد ، فتح پارک میں جاری پھولوں کی نمائش کے دوسرے روز بھی ہزاروں افراد اپنے اہلِ خانہ کے ہمراہ نمائش دیکھنے آئے۔ نمائش کا افتتاح بروز جمعتہ المبارک ۱۶؍مارچ ۲۰۱۸ء متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے سربراہ ڈاکٹر محمدفاروق ستار نے کیا تھا۔ افتتاح کے موقع پر ڈاکٹر فاروق ستار نے ضلع وسطی کے عوام کو پھولوں کے ذریعے امن و محبت کا پیغام دینے پر ریحان ہاشمی اور انکی ٹیم کی کوششوں کو سراہا۔ فاروق ستار نے اس موقع پر متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کا یومِ تاسیس منانے کے لئے ایم کیو ایم بہادر ااباد اور پی آئی بی کالونی کے درمیان اتحاد اور بھائی چارہ قائم کرنے کا مشورہ دیتے ہوئے اپنی خواہش کا اظہار کیاکہ یومِ تاسیس دو مقامات کے بجائے ایک ہی جگہ منایا جائے۔انہوں نے یومِ تاسیس منانے کے لئے بانئ پاکستان قائدِ اعظم محمد علی جناح کے مزار کے قریب ’’باغِ جناح ‘‘ کو بہترین مقام قراردیا۔فاروق ستار نے کہا کہ باہمی اختلاف کے تاثر کو ختم کرکے ایک ہوجانے میں ہی کراچی میں امن قائم کیا جاسکتاہے۔ چیئرمن بلدیہ وسطی ریحان ہاشمی نے کہا کہ ہر سال پھولوں کی نمائش کا انعقاد ا س بات کا مظہر ہے کہ بلدیہ وسطی نہ صرف امن کا گہوارہ ہے بلکہ بلدیاتی ادارے عوام کی دلچسپی کے لئے بہتر پروگرام پیش کرتے رہتے ہیں۔ نمائش میں پھولوں کی دسیوں اقسام رکھی گئی ہیں جن کو بلدیہ وسطی کے محکمہ باغات نے اپنی نرسریوں میں تیار کیا ہے۔ واضح رہے کہ حکومتِ سندھ کی عدم توجہی کی وجہ سے کراچی کے بلدیاتی ادارے مالی بد حالی کا شکار ہیں جس کی بناء پر انکی کارکردگی متاثر ہورہی ہے ، تاہم چئیرمین بلدیہ وسطی ، نامساعد حالات میں بہتر منصوبہ بندی کرتے ہوئے عوام کو بہتر بلدیاتی خدمات مہیا کررہے ہیں۔ پھولوں کی نمائش بھی ریحان ہاشمی کی بہتر منصوبہ بندی کا مظہر ہے۔ کراچی میں درختوں کی شدید کمی ہے اور شہریوں کو چاہئے کہ ہر شخص اپنے اپنے طور پر ایک پودا لگائے اور پھر اس کی نگہداشت کی ذمہ داری اٹھائے تاکہ شہر کو سرسبز بنانے کے ساتھ ساتھ خطرناک حد تک بڑھتی ہوئی آلودگی پر قابو پایا جاسکے ، پھولوں کی اس نمائش سے شہریوں میں ایک خوشگوار تاثر ابھرے گا اور جس طرح بچے، عورتیں اور نوجوان اس نمائش کو دیکھنے کے لئے آرہے ہیں وہ حوصلہ افزاء ہے، نمائش کا مقصد شہریوں کو خوشگوار ماحول کی فراہمی اور پھول پودوں اور شجرکاری کے فوائد سے آگاہ کرناہے۔ عوام کی بڑی تعداد نمائش کو دیکھنے آرہی ہے ، شام کے وقت لوگ اپنے اہلِ خانہ کے ہمراہ ہزاروں کی تعدا میں نمائش دیکھنے آرہے ہیں جن میں معاشرتی زندگی کے ہر شعبے سے تعلق رکھنے والے افراد شامل ہیں۔



17th Mar 2018 DMC Central Karachi Press Release