5th Nov 2017 DMC Central Karachi Press Release

5th Nov 2017 DMC Central Karachi Press Release


کراچی ( ) بلدیہ وسطی میں چہلمِ امام حسین کے آمد سے قبل امام بارگاہوں کے اطراف اور جلوسوں کے راستوں پرصفائی کے انتظامات کو حتمی شکل دینے کے لئے چئیرمین ریحان ہاشمی کی صدارت میں بلدیاتی افسران کاخصوصی اجلاس منعقد ہُوا۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ریحان ہاشمی نے کہا کہ ضلع وسطی کا سینی ٹیشن ڈپارٹمنٹ تندہی سے صفائی ستھرائی اور کچرا ڈسپوز کرنے کے فرائض انجام دے رہا ہے، تاہم چہلمِ امام حسین پر خصوصی صفائی کے انتظامات کی ضرورت ہے، تاکہ عزادارانِ حسین مجالس اور جلوس سکون سے منعقد کرسکیں۔ سید الشہداء حضرت امام حسینؑ کے چہلم کے موقع پر تمام امام بارگاہوں میں مجالس منعقد کی جاتی ہیں،جلوسِ شبیہِ علم و ذوالجناح نکالے جاتے ہیں، جبکہ گھروں میں بھی مجالس منعقد کی جاتی ہیں اس لئے ضروری ہے کہ عزاداروں کی گزرگاروں اور جلوس کے راستوں سے ہر قسم کی گندگی ، پانی کے اجتماع اور کوڑے کرکٹ کو صاف کردیا جائے۔ انہوں نے امام بارگاہوں کے اطراف اور جلوس کی گزرگاہوں پر رات کے وقت روشنی کے مناسب انتظامات کرنے کی بھی ہدایت کی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وائس چئیرمین سید شاکر علی نے کہا کہ امام حسین علیہ السّلام کے چہلم کے موقع پر مذہبی رواداری اوراتحاد بین المسلمین کے جذبہ کے تحت بھائی چارے کی فضاء قائم رکھی جائے ۔اجلاس میں میونسپل کمشنر اختر علی شیخ،چیئر مین سینی ٹیشن کمیٹی ارشد علی اور مختلف یوسیز کے وائس چیئرمین بھی اجلاس میں موجود تھے۔ واضح رہے کہ بلدیہ وسطی میں پہلے ہی سے صفائی ستھرائی کا عمل زور و شور سے جاری ہے جس میں سینی ٹیشن ڈپارٹمنٹ بحریہ ٹاؤن کے تعاون سے صفائی کے معاملات بطریقِ احسن انجام دے رہاہے ، جبکہ ضلع وسطی کو ہرابھرا بنانے کے لئے ’’پیڑ لگائیں اپنے پیاروں کے نام‘‘ کے عنوان سے شجر کاری مہم بھی جاری ہے ۔ تاہم ہر قومی، ملی اور مذہبی دِن پر خصوصی صفائی کے انتظامات ضروری ہوتے ہیں۔ اس سلسلے میں ضلع وسطی سینی ٹیشن ڈپارٹمنٹ ہر مذہب وہ مکتبِ فکر کے افراد کے لئے بلدیاتی سہولیات بلا تفریقِ مذہب و ملت، رنگ و نسل تندہی سے خدمات انجام دیتا ہے ۔ امام حسین علیہ السّلام کے چہلم کے موقع پر بھی ضلع وسطی کا عملہ صفائی ستھرائی کے انتظامات وقت سے قبل مکمل کرنے کے ساتھ ساتھ چہلم کے روز بھی اپنی خدمات انجام دیتارہے گا تاکہ عزادارانِ حسین کو کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔





5th Nov 2017 DMC Central Karachi Press Release